پیمرا کی طرف سے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل جلن پر پابندی عائد کردی گئی

پیمرا کی طرف سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق جلن ڈرامہ سیریل سماجی اور مذہبی اقدار کے منافی ہے جس پر عوام کی طرف سے متعدد شکایات موصول ہوئیں، چینل انتظامیہ کو متعدد بار کہا گیا کہ ڈرامے کے مواد کا جائزہ لیں اور اس کے اسکرپٹ کو پاکستانی اقدار کے مطابق بنایا جائے ، بصورت دیگر پیمرا کی طرف سے کارروائی کی جائے گی ۔

تاہم اے آر وائی ڈیجیٹل کی انتظامیہ کی طرف سے ڈرامے کے اسکرپٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جس پر پیمرا آرڈیننس کے سیکشن 27کے تحت ڈرامہ سیریل جلن کے نشر کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ڈرامہ جلن کی گزشتہ روز 13 ویں قسط نشر کی گئی تھی ۔

یاد رہے کہ پیمرا کی طرف سے چند روز قبل کہا گیا تھا کہ اے آر وائی کی ڈرامہ سیریل جلن کے خلاف موصول ہونے والی شکایات پر چینل کو ڈرامہ کے مواد کا جائزہ لینے کا حکم دیا ہے۔

مذکورہ ڈرامے کے حوالے سے مزید شکایات مو صول ہونے یا ڈرامے کے اسکرپٹ کو پاکستانی اقدار کے مطابق نہ بنائے جانے پر پیمرا آرڈیننس کے سیکشن 27 کے تحت کاروائی کی جائے گی۔

اس ضمن میں ناظرین کی جانب سے ڈراموں میں دکھائے جانے والے مواد بلخصوص ڈراموں کے مرکزی خیال پر تنقید کی جارہی ہے ، ناظرین میں مقدس رشتوں کی پامالی سے متعلق مواد نشر کرنے پرشدید اضطراب پایا جاتاہے۔ ناظرین روزانہ کی بنیاد پر پاکستان سٹیزن پورٹل ، پیمرا کے سوشل میڈیا اکاوئنٹس اور پیمرا کال سینٹر پر متعدد شکایات درج کرارہے ہیں ۔

پیمرا متعلقہ چینلزکو ناظرین کے ڈراموں کے مواد کے حوالے سے تخفظات سے متعدد بار آگاہ کرچکاہے اورچینلز کو ڈراموں میں نشر کیے جانے والے مواد کو معاشرتی،مذہبی، سماجی اور اخلاقی اقدارکے مطابق بنانے کی ہدایت کی۔