Summary about Coronavirus in Urdu

Summary about Coronavirus in Urdu

کورونا وائرس ایک خطرناک وائرس ہے جو فلو اور نظام تنفس کی مختلف بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔ وائرس کی یہ قسم جانوروں میں عام پائی جاتی ہے لیکن انسانوں کو صرف اس وائرس کی کچھ مخصوص اقسام ہی متاثر کر سکتی ہیں ۔ یہ وائرس جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

کورونا وائرس کئی اقسام پر مشتمل وائرس کا ایک خاندان ہے جو کہ عام نزلہ زکام کے علاوہ سارس اور مڈل ایسٹ ریسپائریٹری سنڈروم جیسی سنگین بیماریوں کابھی باعث بنتا ہے۔ موجودہ حالات میں دریافت ہونے والی کرونا وائرس کی یہ قسم انسانوں میں پہلی بار پائی گئی ہے۔ تحقیق سے ثابت ہے کہ کرونا وائرس انسانوں میں جانوروں سے منتقل ہوتے ہیں اور اس وائرس کئی اقسام جانوروں میں پائی جاتی ہیں لیکن انسانوں کو متاثر نہیں کرتیں۔ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں سر درد، نزلہ، کھانسی، اور تھکن جیسی علامات سامنے آ سکتی ہیں۔  اس کے ساتھ ساتھ سانس لینے میں دشواری ، نمونیا اورگردوں کی ناکاری جیسی سنگین علامات بھی سامنے آ سکتی ہیں جو کہ جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں۔ ایسی کسی بھی علامت کی صورت میں  ڈاکٹر سے فوری رابطہ اور مشورہ ضروری ہے۔

اس وائرس سے بچائو کی تدابیر میں باقاعدگی سے بار بار ہاتھ دھونا، کھانستے اور چھینکتے وقت منہ ڈھکنا، اور اس وائرس کی علامات سے متاثر افراد سے دور رہنا شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ گوشت، انڈے اور حیوانی غذائوں کو خوب اچھی طرح پکا کر ہی استعمال کرنا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک صحت مند مدافعتی نظام اس وائرس سے بچائو میں آپ کا اہم ترین ہتھیار ہے۔ اچھی غذا اور صحت بخش طرز زندگی کی مدد سے آپ اپنی قوت مدافعت کو بڑھا سکتے ہیں۔ وٹامن سی کا استعمال بھی قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے۔ یہ خیال رکھنا بھی اہم ہے کہ وہ کون سے محرکات ہیں جن کی وجہ سے آپ کا مدافعتی ںظام کمزور پڑ سکتا ہے۔ سگریٹ نوشی، ذہنی دبائو، اور ناقص غذا کا استعمال قوت مدافعت میں کمی کا باعث بن سکتا ہے۔